ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کی میٹنگ کے بعد تبدیلیوں کا دور شروع، چار ریاستوں میں پارٹی قیادت میں ردوبدل ممکن، دو پی سی سی صدورنے دیا استعفیٰ

کانگریس کی میٹنگ کے بعد تبدیلیوں کا دور شروع، چار ریاستوں میں پارٹی قیادت میں ردوبدل ممکن، دو پی سی سی صدورنے دیا استعفیٰ

Sun, 20 Dec 2020 22:52:43    S.O. News Service

نئی دہلی،20؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نئی دہلی میں کانگریس کے متعدد ناراض رہنماؤں کے ساتھ 10 جن پتھ میں پارٹی ہائی کمان کی میٹنگ کے بعد چار ریاستوں میں پارٹی  میں ردوبدل کاآغاز ہوا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں پارٹی چار ریاستوں – تلنگانہ ، گجرات ، مدھیہ پردیش اورمہاراشٹرامیں تبدیلیاں لانے والی ہے۔ اس سلسلے میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) انتخابات میں پارٹی کی شکست اور ناقص کارکردگی کی ذمہ داری لیتے ہوئے تلنگانہ کانگریس کے صدر اتم کمارریڈی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ضمنی انتخابات میں پارٹی کی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری لیتے ہوئے گجرات کانگریس کے صدر امت چاوڑانے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ ، جو پارٹی کے ریاستی صدراور کانگریس قانون ساز پارٹی کے رہنما بھی ہیں اور جنہوں نے پارٹی کے 23 ناراض رہنماؤں کے ساتھ اعلیٰ قیادت کی میٹنگوں میں اہم کردار اداکیاہے ،اُن  پربھی دستبرداری کے لیے دباؤ ڈالا گیا ہے۔ہفتے کے روز کانگریس نے ممبئی ریجنل کانگریس کمیٹی میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ قریب ڈھائی سال بعد اشوک ارجن راؤ جگتپ کو کانگریس کی ممبئی یونٹ کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ بالاصاحب تھوراٹ کی سربراہی میں ممبئی کانگریس کے لیے اسکریننگ اور اسٹریٹیجی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

بالاصاحب تھوراٹ اس وقت مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہیں اور مہاراشٹر کانگریس قانون ساز پارٹی کے رہنمابھی ہیں۔پارٹی کی عبوری صدر سونیاگاندھی نے آسام اور کیرالہ کے لیے تین آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے سکریٹریوں کو بھی مقرر کیا ہے ، جہاں اگلے سال کے شروع میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ نو مقرر کردہ سکریٹری دونوں ریاستوں کے انچارج جنرل سکریٹریوں کی مددکریں گے۔ جتیندر سنگھ آسام اورطارق انورکیرالہ کے انچارج جنرل سکریٹری ہیں۔


Share: